اہم خبریںگلگت بلتستان

پی ایس او کاسکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیاروں کی ری فیولنگ کی نئی سہولت کاافتتاح

سکردو: پی ایس او نے پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کے عزم کے ساتھ سکردو میں طیاروں کی ری فیولنگ سہولت کا آغاز کردیا۔پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں ترقی کا سفر جاری رکھتے ہوئے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔قومی توانائی کمپنی نے گلگت بلتستان میں سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیاروں کی ری فیولنگ کی نئی سہولت کاافتتاح کردیا۔

پی ایس اواس علاقہ میں اس نوعیت کی خدمات فراہم کرنے والی پاکستان میں پہلی آئل مارکیٹنگ کمپنی بن گئی ہے۔اس حوالے سے منعقد تقریب میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل خاقان مرتضیٰ، پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ائیر وائس مارشل محمد عامر حیات اور پی ایس اوکے مینجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سید طہٰ نے شرکت کی، جبکہ مقامی شخصیات اور دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سکردو ایئرپورٹ شمالی پاکستان میں ایک انٹرنیشنل گیٹ وے ہے جہاں بڑے طیاروں کو آپریٹ کیاجاسکتا ہے۔ اس ایئرپورٹ پر پہلی عالمی پرواز 14اگست 2023 کو اترے گی۔ سکردو دنیا میں خاص طور پر کوہ پیماؤں اور ٹریکرز کیلئے پسندیدہ سیاحتی مقام ہے جو دنیا بھر سے گلگت بلتسان کے قراقرم رینج میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کو دیکھنے کیلئے آتے ہیں، اس کے علاوہ یہ مقام اس پورے خطے کے لئے نقل و حمل اور تجارتی حب ہے۔

پی ایس او پاکستان کی پہلی آئل مارکیٹنگ کمپنی ہے جو عرب کے ساحلوں سے لے کر سوست کے دور دراز علاقوں تک فیول فراہم کرتی ہے جو ایک مثال ہے کیونکہ دیگر کمپنیاں ان علاقوں میں سپلائی چین کا انتظام کرنے سے قاصر ہیں۔ چیلنجز کے باوجود پی ایس او قومی مفاد میں لگن اور عزم کے ساتھ ثابت قدمی سے قوم کی خدمت کررہی ہے۔

جیٹ فیول میں 98 فیصد کے مارکیٹ شیئر کے ساتھ پی ایس او کا کوئی ثانی نہیں ہے۔کمپنی کے آپریشنز ملک میں 13بڑے ایئر پورٹس پر پھیلے ہوئے ہیں۔ کمپنی مستحکم عزم کے ساتھ سکردو تک ملکی اور بین الاقوامی ایئر لائنز کی توسیع میں مدد کرنے کی خواہاں ہے۔

پی ایس او

موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل خاقان مرتضیٰ نے کہا کہ” ملک کے ایوی ایشن انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے دو قومی کمپنیوں کے درمیان اتحاد ایک نمایاں کامیابی ہے۔اس سہولت سے نہ صرف ایئر پورٹ کی آپریشنل کارکردگی بڑھے گی بلکہ ایئرلائنزکیلئے سہل تجربے بھی میسر آئیں گے۔ ہم پی ایس او کی جانب سے ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے بے مثال مصنوعات اور خدمات کی فراہمی کے لیے ہم ان کی مسلسل حمایت اور عزم پر شکر گزار ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر،ائیر وائس مارشل محمد عامر حیات نے کہا کہ” ملکی اور بین الاقوامی نقل و حمل کا آغاز گلگت بلتستان کی معاشی ترقی کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ پی ایس او اور سی اے اے کی اس سہولت کی وجہ سے پی آئی اے نے سکردو کے منفرد مقام تک پہلی انٹرنیشنل فلائٹ آپریٹ کرنے کا اعزاز حاصل کیا”

پی ایس اوکے ایم ڈی اور سی ای او سید طہٰ نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ” ایئر کرافٹ ری فیولنگ میں چار دہائیوں سے زیادہ کی مہارت پر فخر کرتے ہوئے پی ایس او قومی ایوی ایشن کی صنعت کی مسلسل ترقی کیلئے کوشاں ہے۔

ہم سکردو ایئرپورٹ پر نئی سہولت کے افتتاح کے موقع پر انتہائی خوش ہیں کیونکہ یہ قوم کی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے ہمارے عزم کا عکاس ہے ۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم سکردو کو ایک متحرک سیاحتی مقام بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے جارہے ہیں۔ پاکستان کے سیاحتی شعبے کو روشن مستقبل دینے کا ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔ اس موقع پر ہم اس ناقابل یقین سفر کے دوران سی اے اے کی مسلسل حمایت کے لیے شکر گزار ہیں۔”

پی ایس او بہترین مصنوعات کی سپلائی کے ذریعے غیر معمولی قدر اور معیار کی فراہمی کے ساتھ پاکستان کے ہوابازی کے شعبہ اور دیگر صنعتوں کی مزید ترقی کیلئے پرعزم ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button